این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کی تیاری مکمل، چار لاکھ سے زائد ووٹرز کل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے: الیکشن کمیشن آف پاکستان

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی نشست ’این اے 168 بہاولپور‘ میں کل یعنی بروز اتوار ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے۔
بہاولپور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 27 ستمبر کو ہوگی جہاں چار لاکھ 83 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ پولنگ کے لیے 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن نے مرحوم اقبال چنڑ کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ دیگر امیدواروں میں ولی داد چنڑ بھی شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخاب کے حوالے سے عوام کی شکایات کے اندراج اور بروقت ازالے کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر (EMCC) قائم کیا ہے۔
کمیشن کے مطابق شکایات کے فوری ازالے کے لیے چار سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کیے گئے ہیں، جن میں الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح کے کنٹرول روم شامل ہیں۔
کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ ای ایم سی سی آج سے نتائج موصول ہونے تک شکایات وصول کرے گا اور پولنگ کے دن سے نتائج موصول ہونے تک مسلسل کام کرے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق عوام انتخاب سے متعلق شکایات complaints@ecp.gov.pk پر ای میل کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 051111327000 ہیلپ لائن اور 0519204404 فیکس نمبر کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔


















